"مَا وَدَّعَكَ رَبُّكَ وَمَا قَلَىٰ"
تنہائی کے اندھیروں میں ربِ كريم کا دلاسا، اور بے سہارا دلوں کی امید:
ہماری زندگیوں میں ایک ایسا وقت ضرور آتا ہے کہ جب انسان کا دل ٹوٹ کر بکھر جاتا ہے اور ہر طرف سے اسے ناامیدی کا احساس ہوتا ہے۔ اسے ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ لوگوں کے ساتھ ساتھ اس کے رب نے بھی اس کا ساتھ چھوڑ دیا ہے، اور وہ اس سے روٹھ گیا ہے۔
بالکل اسی طرح ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر جب غموں کا انبار ٹوٹ پڑا، تو ان حالات میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی دلی تسکین کیلئے آسمانوں سے ایک آیت نازل فرمائی، جو ہر ناامید شخص کو قنوطیت کے طوفان سے نکال کر امید کی کرن دکھاتی ہے۔
سورۃ الضحیٰ میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
> "مَا وَدَّعَكَ رَبُّكَ وَمَا قَلَىٰ"
> (نہ تو آپ کو آپ کے رب نے چھوڑا، اور نہ ہی وہ ناراض ہوا۔)
یہ صرف ایک آیت ہی نہیں بلکہ ایک محب کا اپنے محبوب کے ساتھ اظہارِ محبت ہے اور رب للعالمین کا دلاسا ہے، جسے سن کر ہر غمزدہ دل پگھل جاتا ہے۔
اسی طرح جب وحی کا سلسلہ کچھ عرصہ کیلئے رکا، تو مشرکین نے اللہ کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کو طعنے دینے شروع کیے کہ آپ کے رب نے آپ کو چھوڑ دیا ہے۔ تو اس وقت یہ آیت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دل پر کسی مرہم کی طرح لگی، جیسے کوئی بہت قریبی شخص آکر کہے کہ "میں تمہارے ساتھ ہوں، لوگوں کی باتوں کی پروا نہ کرنا۔ نہ ہی میں نے تمہارا ساتھ چھوڑا ہے، اور نہ ہی میں تم سے ناراض ہوں"۔
سیرتِ طیبہ سے زندہ مثالیں
۱۔ غارِ ثور
غارِ ثور میں جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے ساتھی، حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھے، تو کفار کے شیطانی تدابیر سے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا دل غمزدہ ہو رہا تھا۔ اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں دلاسا دیتے ہوئے فرمایا تھا کہ اللہ تعالیٰ پر کامل یقین اور بھروسہ رکھو، وہ ہمارے ساتھ ہے۔
۲۔ طائف کا سفر
طائف کے اوباشوں نے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ذہنی اور جسمانی تکالیف دے کر دونوں طرح ناامید کرنے کی کوشش کی، تو آپ نے کسی سے شکایت نہیں کی بلکہ اپنے رب کے سامنے عاجز ہوئے۔ اس وقت فرشتوں کا آنا، اور پہاڑوں کے فرشتے کا ساتھ حاضر ہونا، اس بات کا ثبوت تھا کہ اللہ نے اپنے محبوب کو اکیلے نہیں چھوڑا۔
۳۔ ہجرت کے بعد غزوات اور فتح مکہ
مکہ سے بے وطن ہو کر مدینہ کی طرف جانا، اور پھر تمام غزوات میں فتح پانا۔ اور اس کے بعد فتح مکہ کے دن اسی مکہ میں فاتح بن کر داخل ہونا جس سے آپ کو نکالا گیا تھا، اس اللہ کا اپنے نبی کے ساتھ محبت کا اظہار تھا، جسے اللہ نے یوں بیان کیا کہ: "میں نے تمہیں نہیں چھوڑا"۔
ہماری روزمرہ کی زندگی، اور اس آیت کا اطلاق
یہ آیت صرف تاریخ کا ایک واقعہ نہیں ہے، بلکہ ہم جیسے عام اور کمزور انسانوں کے لیے آج کی مسائل سے بھری زندگی میں ایک بہت بڑا مرہم ہے۔ آج کی اس دنیا میں، جہاں تعلیم حاصل کرنے سے لیکر ذریعہ آمدن ڈھونڈنے تک، مستقبل کی غیر یقینی صورتحال، اپنوں کی ناراضگی اور بلاوجہ دل پر چھا جانے والی اداسی ہمیں گھیر لیتی ہے، ہم اس آیت کو مندرجہ ذیل طریقوں سے اپنی مسائل بھری زندگی میں ایک روشن چراغ بنا سکتے ہیں:
تنہائی کے احساس کا خاتمہ: جب دنیا منہ موڑ لے، تو یہ یاد رکھیے کہ وہ اللہ جو شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے، اس نے کبھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑا؛ آپ کا رب ہر لمحہ آپ کے ساتھ ہے۔
آزمائشوں کو ناراضگی نہ سمجھنا:
حالات کا ناسازگار ہونا اس بات کی علامت نہیں کہ اللہ ناراض ہے۔ سورہ الضحیٰ کا حصہ "وما قلى" ہمیں سکھاتا ہے کہ مشکلات تو بس بندے کی صلاحیت کو نکھارنے کا ایک ذریعہ ہوتی ہیں۔
ذہنی سکون: جب انسان کو یہ یقین ہو جائے کہ اس کا معاملہ کسی بے رحم دنیا کے بجائے ایک رؤوف الرحیم ذات کے ہاتھ میں ہے، تو ڈپریشن اور اینگزائٹی جیسے امراض خود بخود ختم ہوجاتے ہیں۔
مایوسی کو امید میں بدلنا: جیسے رات کے اندھیروں کے بعد صبح کا اجالا (الضحیٰ) آتا ہے، ویسے ہی زندگی کے ہر مشکل اندھیرے کے بعد آسانی کا سورج نکلتا ہے۔
جب بھی زندگی کی دوڑ دھوپ میں تھک جائیں یا دل اداس ہو جائے، تو فورا سے اپنے رب کے اس کلام کو دل میں یاد کرے۔ حالات چاہے جتنے بھی مشکل ہو جائیں، رب کی رحمت کا سایہ ہمیشہ ہمارے سر پر رہتا ہے۔ وہ آزماتا ضرور ہے، لیکن اپنے بندے کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑتا۔